بھٹکل15/ستمبر (ایس او نیوز) رکن اسمبلی منکال ویدیا نے بتایا کہ عوام کو مختلف دفاتر کے چکر کاٹنے سے راحت دلانے کے لئے بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے پاس ہی 10کروڑ روپے کی لاگت سے منی ودھان سودھا کی تعمیر جلد کی جائے گی جہاں تمام سرکاری دفتروں کی سہولتیں حاصل رہیں گی۔منکال ویدیا نے تعلقہ پنچایت ہال میں غریب اور انتہائی پریشان حال لوگوں کو امدادی چیک تقسیم کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے مزید اس بات کی بھی اطلاع دی کہ صحت اور دیگر مسائل کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار مجبور افراد کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ کے فنڈ سے 141 کروڑ روپے بطور امداد جاری کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی طر ف سے غریبوں اور مجبوروں کی خبر گیری کرنے کا عملی ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی امداد سے سرکار لوگوں کی تکلیف سمجھنے اور انہیں راحت پہنچانے کا مقصدپورا کرتی ہے۔بھٹکل حلقہ اسمبلی میں علاج و معالجے کی مد میں پانچ ہزار روپوں سے لے کر 2لاکھ روپے فی کس کے حساب سے جملہ 1کروڑ 19لاکھ روپے امداد فراہم کی گئی ہے۔کل 338مستحقین نے اس زمرے میں استفادہ کیا ہے۔مزید 48درخواستوں پر جلد ہی امداد فراہم کی جائے گی۔
منکال نے کہاکہ حالانکہ میں پہلی بار ایم ایل اے بنا ہوں، مگر اس طرح عوامی فلاح کے کام کرنے میں مجھے ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے سے بھر پو ر رہنمائی اور تعاون مل رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھٹکل بندر روڈ اور ساگر روڈ کی توسیع کے لئے12کروڑ روپے منظور ہوگئے ہیں۔عوامی مشوروں اور تعاون سے ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر ضلع پنچایت صدر، تعلقہ پنچایت صدر، تحصیلدار، تعلقہ پنچایت سی ای اوکے علاوہ ضلع اور تعلقہ پنچایت کے اراکین موجود تھے۔